بھارتی وزیرِ داخلہ امت شاہ کی پہلگام حملے میں سیکیورٹی کی ناکامی کا ملبہ ہوٹل مالکان پر ڈالنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کل جماعتی میٹنگ میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں ہوٹل مالکان نے پولیس سے اجازت نامہ لیے بغیر بیسراں سبزہ زار سیاحوں کے لیے کھولا تھا، اس لیے وہاں سیکیورٹی نہیں تھی۔
مقبوضہ جموں و کشمیر حکومت کے سینئر اہلکار نے واضح کیا ہے کہ بیسراں سیاحتی مقام پر جانے کے لیے پولیس کا اجازت نامہ کبھی درکار ہی نہیں تھا، بیسراں سیاحتی مقام تقریباً سارا سال کھلا رہتا ہے اور 35 روپے ٹکٹ ہے۔
اہلکار کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی لیفٹننٹ گورنر اور وزارتِ داخلہ کے ماتحت ہے۔
سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے مطابق پہلگام حملے کے ایک گھنٹے بعد پہلا اہلکار مدد کو پہنچا، حملے کے ڈیڑھ گھنٹے بعد دیگر اہلکار مدد کو پہنچے۔
یاد رہے کہ منگل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک اور 12 زخمی ہوئے تھے۔