کراچی:
ریجنل ٹیکس آفس ون نے اپنی تحقیقات میں ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے آئرن اور اسٹیل سیکٹر میں 315 ارب روپے کا میگا سیلز ٹیکس فراڈ پکڑلیا۔
فراڈ میں پلاٹینم انٹرنیشنل اور کے ایچ سنز کے تحت 2 ماسٹر مائنڈ اویس اسماعیل اور فرہاد ملوث پائے گئے۔ آر ٹی او ون کے حکام نے فراڈ میں معاونت کرنے والوں کو گرفتار کرلیا، جن میں فرہاد کا بھائی شہزاد، کزن فیصل اور معروف الرحمان شامل ہیں۔
آر ٹی او ون حکام کی جانب سے جمعہ کے روز ملزمان کو اسپیشل کورٹ کسٹمز، ٹیکسیشن، اینٹی اسمگلنگ میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ماسٹر مائنڈ فرہاد کے کزن فیصل اور معاون معروف الرحمان کو جیل بھیج دیا گیا جب کہ بھائی شہزاد کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر آر ٹی او ون کے حوالے کیا گیا ہے۔
آر ٹی او نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ مزید معاونین اور فائدہ اٹھانے والوں کا پتا چل سکے۔
چیف کمشنر آر ٹی او ون ڈاکٹر فہیم محمد نے سیلز ٹیکس فراڈ اور ملوث ملزمان کو پکڑنے والی ٹیم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آر ٹی او ون سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث ملزمان کو پکڑنے کا بھرپور عزم رکھتی ہے اور ملوث ملزمان سے قانون کے مطابق نمٹنا چاہتی ہے تاکہ سیلز ٹیکس فراڈ کو روکنے کے لیے ایک واضح پیغام دیا جاسکے۔