پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما و بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پورا پاکستان اس وقت پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے 29 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جسسے پی ٹی آئی کے مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا۔
سلمان اکرم راجہ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب کو برابری کی حیثیت دینی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کی بات کی ہے، پاکستان تحریکِ انصاف پاکستان میں مساوات کا نظام لائے گی۔
عمران خان پاکستان کیلئے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں: بیرسٹر گوہر
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے لیے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں چاہتے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج پاکستان تحریکِ انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، 8 فروری کو اس نے 3 کروڑ ووٹ حاصل کیے، کے پی کے میں پاکستان تحریکِ انصاف کی دو تہائی اکثریت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی بہت جَلد جیل سے باہر ہوں گے، بانیٔ پی ٹی آئی نے ہمیشہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کی بات کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں عدلیہ آزاد تھی، پاکستان تحریکِ انصاف کے دورِ حکومت میں لوڈشیڈنگ کم تھی۔
علی امین گنڈا پور نے کیا کہا؟
وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف ایک نظریہ ہے جسے ختم نہ کیا جا سکتا، بانیٔ پی ٹی آئی جیل میں ہیں لیکن جیتے ہوئے ہیں، اگر بانی کا پیغام مل جاتا ہے تو ہمیں کسی کے بیانیے پر چلنے کی ضرورت نہیں۔
رہنماؤں کو انصاف نہیں مل رہا: عمر ایوب
پی ٹی آئی رہنما و اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں، انصاف نہیں مل رہا، بانیٔ پی ٹی آئی کی بہنوں کو ملاقات نہیں کرنے دی جارہی، بانیٔ پی ٹی آئی نے بھارت کو کہا تھا کہ ہم سوچیں گے بعد میں پہلے عمل کریں گے۔
آج ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے: زرتاج گل
خطاب کے دوران زرتاج گل نے کہا کہ 29 یوم تاسیس پر یہی کہوں گی کہ آج ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے، بانیٔ پی ٹی آئی پاکستانی عوام کے لیے جیل میں ہیں۔