اُبھرتے ہوئے پاکستانی اداکار احمد رفیق نے شوبز انڈسٹری کی تلخ حقیقت سے پردہ اُٹھا دیا۔
احمد رفیق نےحال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہونے والے تلخ حقائق کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ بہت سارے نئے اداکاروں کو کیریئر کے آغاز پر شوبز انڈسٹری میں پاور گیم اور ہراسگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ میرے ساتھ بھی ایسا ہوا اور اس وقت میں 19 سال کا تھا، میں اس وقت چھوٹا تھا اور مجھے ایک بہت بڑے سیٹ پر ہراساں کیا گیا تھا جس کے بعد میں دو دن تک صدمے میں رہا۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے اس وقت بالکل سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے اور تب مجھے عورتوں کا درد محسوس ہوا کہ جب اُنہیں ایسے ہراساں کیا جاتا ہے تو وہ کیسا محسوس کرتی ہیں۔
احمد رفیق نے بتایا کہ انڈسٹری میں اگر آپ اس طرح کے رویے کے خلاف بہت زیادہ آواز اٹھاتے ہیں تو آپ کا کیریئر انڈسٹری کے طاقت ور لوگوں کے ہاتھوں تباہ ہو جائے گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس لیے لوگوں کے لیے انتخاب مشکل ہو جاتا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کو بچائیں یا پھر ہراساں کرنے والے لوگوں کے خلاف آواز اُٹھائیں۔
اداکار نے یہ بھی بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں صرف عورتوں کو ہی نہیں بلکہ مردوں کو بھی ہراساں کیا جاتا ہے لیکن وہ اس کے بارے میں کبھی بات نہیں کرتے۔