بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اور انکے شوہر سیف علی خان فلم انڈسٹری میں اپنے اپنے شعبوں میں کامیاب اور بااثر جوڑا ہیں۔ 2008 کی فلم تاشان دونوں میں قربت کا باعث بنی اور وہ ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے۔
جنوری 2022 میں کرینہ کپور نے سابق اداکارہ اور اب مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کے ٹوئیک انڈیا میں گفتگو کے دوران کہا کہ اکشے کمار نے انھیں سیف علی خان سے رومانوی تعلقات اور ملاقات کے حوالے سے خبر دار کیا تھا۔
کرینہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرما کنکشن (ہندو نظریات کے مطابق ماضی میں کیے گئے اچھے یا برے کاموں کا نتیجہ) تھا جو انھیں اور سیف کو قریب لایا۔
انھوں نے کہا ہمیشہ یہ سمجھا جاتا تھا کہ ہم دونوں اکٹھے کسی فلم میں کام کرینگے لیکن ایسا اسلیے نہیں ہوا، کیونکہ میں ہمیشہ منع کر دیتی تھی۔
تاہم جب تاشان میں ہم دونوں کو لیا گیا تو پھر ہمارے درمیان قربت بڑھی اور اکشے کمار جو خود بھی تاشان کی کاسٹ میں شامل تھے انھوں نے سیف کو کرینہ کے حوالے سے خبر دار کیا۔
کرینہ نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ سیف علی خان اور اکشے کمار بات کر رہے تھے، اکشے نے محسوس کیا کہ ہم دونوں میں قربت بڑھ رہی ہے، وہ سیف کو ایک کونے میں لے گئے اور کہا کہ غور سے سنو یہ خطرناک لڑکیاں ہیں اور انکا خاندان بھی خطرناک ہے۔ اکشے نے سیف سے مزید کہا میں انکو جانتا ہوں، محتاط رہنا۔
کرینہ نے مزید کہا کہ وہ دراصل سیف کو یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ تم غلط جگہ چلے گئے ہو۔ جس پر سیف کچھ اسطرح سے کہہ رہے تھے کہ نہیں نہیں میں جانتا ہوں، میں نے اسے مکمل طور پر دیکھ لیا ہے۔
واضح رہے کہ 16 اکتوبر 2012 کو سیف اور کرینہ کی شادی ہوئی اور اب ان دونوں کے دو بیٹے ہیں۔