قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے وکٹ کیپر اور بلے باز اعظم خان کو اپنی فٹنس پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔
سابق کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان آج کل پاکستان سپر لیگ 10 کی فرنچائر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیل رہے ہیں۔
یونس خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بطور اوپنر آنے پر اعظم خان کی حمایت کی۔
یونس خان کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو اپنی کمزوریوں کو خاص طور پر باؤنسر کے خلاف طاقت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو بولرز انہیں باؤنسر کا نشانہ بناتے رہیں گے اور بار بار ان کی خامیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
انہوں نے ’کرکٹ پاکستان‘ میں بات کرتے ہوئے اعظم خان کو مشورہ دیا کہ اگر وکٹ کیپر اعلیٰ سطح پر کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں کو سنجیدگی سے لیں۔
یونس خان نے کہا ہے کہ ہم سب برگر شوق سے کھاتے ہیں، میں بھی برگر کھاتا ہوں لیکن بطور پروفیشنل ایتھلیٹ ہمیں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اس سطح پر غذائی ڈسپلن پر کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اعظم خان اپنے کیریئر کو طویل بنانا چاہتے ہیں اور اعلیٰ سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں فٹنس کو ترجیح دینی ہو گی، یہاں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔