روس میں ایک 80 سالہ خاتون خود کو خوش قسمت کہہ سکتی ہیں کیونکہ وہ چھٹے فلور پر واقع اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے نیچے سلپ ہونے کے بعد نیچے پارک ایک گاڑی کی چھت پر گری اور نہ صرف محفوظ رہیں بلکہ انھیں کوئی گزند تک نہ پہنچی۔
روس کے شہر ییکاترنگبرگ میں پیش آنے والے اس حادثے میں محفوظ رہنے والی اس معمر خاتون کا نام معلوم نہیں ہوسکا، تاہم یہ پتہ چلا کہ وہ اس اپارٹمنٹ کی کھڑکیاں صاف کر رہی تھیں۔
ایک لمحہ کی لاپرواہی کے باعث وہ چھٹی منزل سے نیچے پڑوسی کی گاڑی پر جاکر گری۔ اس چونکا دینے والے حادثے کو سی سی ٹی وی کیمروں نے محفوظ کر لیا تھا اور تب سے یہ روسی سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے۔
اس واقعے کا سب سے حیرت انگیز پہلو یہ ہے کہ خاتون نیچے گری اور اسکے چند لمحوں بعد وہ گاڑی کی چھت سے نیچی اتریں اور بغیر کسی چوٹ یا تکلیف کے چلی گئیں۔
بعدازاں اس معمر خاتون نے ایک پڑوسی سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اسے اسپتال میں لے جائے تاکہ حادثے کے حوالے سے طبی معائنہ ہوسکے۔