جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ ’جاپان آئی ٹی ویک 2025ء‘ میں پاکستان کی بھرپور شرکت نے جاپانی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کردار کو مزید مستحکم کر دیا۔
بین الاقوامی نمائش میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) نے پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے پاکستان پویلین کا کامیاب انعقاد کیا جو 23 تا 25 اپریل کو ٹوکیو بگ سائٹ میں جاری ہے۔
پاکستان پویلین میں 18 ممتاز پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں شریک ہیں جو مختلف آئی ٹی شعبۂ جات میں مہارت رکھتی ہیں، ان میں آئی ٹی سروسز، کنسلٹنگ، گیم ڈیولپمنٹ، سافٹ ویئر انجینیئرنگ اور امبیڈڈ سسٹمز شامل ہیں۔
یہ کمپنیاں اپنی جدید خدمات اور تکنیکی مہارت کے ساتھ جاپانی منڈی میں نئی راہیں ہموار کر رہی ہیں۔
پویلین کا افتتاح پاکستانی سفارت خانے کے انچارج طلحٰہ بن خالد، تجارت اور سرمایہ کاری کی کونسلر مدیحہ علی، پی ایس ای بی کے نمائندے شہباز حمید، جائیکا (JICA) اور شریک جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر کیا۔
اس موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے ٹیکنالوجی ماہرین اور سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی لی۔
پاکستان پویلین نے جاپانی خریداروں، کاروباری نمائندوں اور آئی ٹی اداروں کی خاصی توجہ حاصل کی۔
جاپانی مارکیٹ کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے پیش کی گئی جدید، مؤثر اور مسابقتی ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی ظاہر کی، کئی خریداروں نے ممکنہ شراکت داری، سرمایہ کاری اور طویل مدتی تجارتی تعلقات میں سنجیدہ دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیاں ایونٹ سے خاطر خواہ کاروباری مواقع اور برتری حاصل ہونے کی توقع رکھتی ہیں جو پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے لیے ناصرف معاشی بلکہ ساکھ کے اعتبار سے بھی ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ اقدام ناصرف پاکستان کے ٹیک ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی سمت ایک اہم قدم ہے بلکہ جاپان کے اختراعی اور تیز رفتار آئی ٹی ایکو سسٹم کے ساتھ شراکت داری کو بھی فروغ دے رہا ہے۔
دونوں ممالک ایک ایسے متحرک، پائیدار اور باہمی فائدے پر مبنی تعلق کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کے اثرات مستقبل میں خطے بھر کی ڈیجیٹل معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔