واشنگٹن (اے ایف پی) آئیوی لیگ کے پرنسٹن اور براؤن اداروں سمیت 100 سے زائد امریکی یونیورسٹیوں اور کالجوں نےگزشتہ روز جاری کیے گئے ایک مشترکہ خط میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تعلیمی نظام میں سیاسی مداخلت کی مذمت کی ۔یہ اقدام ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے دوسرے روز سامنے آیا ، امریکی صدر نےہارورڈ یونیورسٹی کو فنڈنگ میں کمی اورباہر سے سیاسی نگرانی مسلط کرنے کی دھمکی دی ہے۔خط میں لکھا گیاہے کہ ہم حکومت کی حد سےمتجاوز اور سیاسی مداخلت کے خلاف ہم آواز ہر کر بات کررہے ہیں، جو اب امریکی اعلیٰ تعلیم کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ ہم تعمیری اصلاحات کو قبول کرتے ہیں اور حکومت کی جائز نگرانی کے مخالف نہیں ۔ تاہم، ہمیں حکومت کی بے جا مداخلت کی مخالفت کرنی چاہیے،ہمیں عوامی تحقیقی فنڈنگ کے جابرانہ استعمال کو مسترد کرنا چاہیے۔