(وسیم شہزاد)لاہور قلندرز کے بیٹر عبداللہ شفیق کا کہنا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ مومینٹم برقرار رکھتے ہوئے پی ایس ایل جیت جائیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے بیٹر عبداللہ شفیق نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچز بہت اہم ہوتے ہیں اور ٹیم کی کوشش ہوگی کہ تمام میچز جیت کر اچھا مومینٹم برقرار رکھا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اسی مومینٹم کو جاری رکھتے ہوئے پی ایس ایل ٹورنامنٹ جیت جائیں اور ہم بطور یونٹ اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
عبداللہ شفیق نے ملتان سلطانز کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سلطانز میں فائٹ بیک کی بھرپور صلاحیت ہے اور 20 اوورز کی گیم میں کوئی بھی ٹیم کسی بھی وقت کم بیک کر سکتی ہے۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم پچھلے سال بھی کئی کلوز میچز ہارے تھے لیکن اس بار ہم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، انہوں نے ملتان کے موسم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کا موسم اسلام آباد کی نسبت کافی تبدیل ہے جس کا اثر کھیل پر بھی پڑتا ہے۔
عبداللہ شفیق نے ٹیم کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہین ہماری ٹیم کے لیڈر ہیں اور ان کی قیادت میں ہم بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
بیٹنگ کے حوالے سے اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بیٹر کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہمیشہ سکور کرے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ اچھے رن ریٹ کے ساتھ سکور کروں تاکہ ٹیم کو مضبوط پوزیشن مل سکے۔
انہوں نے سیکھنے کے عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ کتنی جلدی چیزیں سیکھتے ہیں، یہ سب سے اہم بات ہے۔
عبداللہ شفیق نے پرعزم انداز میں کہا کہ لاہور قلندرز کی پوری ٹیم پی ایس ایل کے اس سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے اور ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مدینہ کے قریب عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ، 4 پاکستانی جاں بحق 9 زخمی