بھارت نے تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کردیے اور 48 گھنٹے میں پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے بتایا کہ پاکستانیوں کو سارک کے تحت دیے گئے ویزے بند کردیے گئے، تمام پاکستانیوں کے بھارتی ویزے منسوخ کردیے۔
ترجمان بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اٹاری واہگہ بارڈر بھی بند کردی گئی، پاکستانیوں کو ویزہ نہیں ملے گا، بھارت میں موجود پاکستانی 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سارک ویزہ استثنیٰ پروگرام کے تحت بھارت کا سفر نہیں کرسکیں گے، سارک اسکیم کے تحت جو بھی ویزے جاری کیے گئے، منسوخ سمجھے جائیں گے، سارک اسکیم کے تحت بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں واپس جانا ہوگا۔
ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے انڈس واٹر معاہدہ بھی معطل کردیا۔
وکرم مسری نے کہا کہ پہلگام حملے میں 25 بھارتی اور ایک نیپالی سیاح ہلاک ہوئے ہیں، پاکستان ہائی کمیشن میں تمام دفاعی، فوجی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجود بھارتی شہری یکم مئی تک اٹاری چیک پوسٹ کے راستے واپس آسکتے ہیں، پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ محدود کر دیا جائے گا، پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ یکم مئی تک 55 سے کم کر کے 30 کر دیا جائے گا۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، بھارت دہشت گردی کی کارروائیوں کا ارتکاب کرنے والوں کا پیچھا کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک ہوئے، اسپتال نے پولیس کی تصدیق شدہ فہرست جاری کردی، ہلاک افراد میں بھارتی سیاحوں سمیت غیر ملکی سیاح، بھارتی بحریہ کا افسر اور ایک انٹیلی جنس بیورو کا اہلکار شامل ہیں۔