کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز پر میچ فکسنگ کا الزام لگ گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن ایڈہاک کمیٹی کےکنوینر نے راجستھان رائلز پر میچ فکسنگ کا الزام لگایا ہے، کنوینیر جے دیپ نے لکھنؤ کے خلاف میچ کوفکس قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بھی معلوم ہے لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف راجستھان رائلز کا میچ فکس تھا، ہوم گراؤنڈ پر چند رنز درکار ہوں تو آپ کیسے ہار سکتے ہیں۔ ایڈ ہاک کمیٹی ریاستی حکومت نے بنائی ہے۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے راجستھان رائلز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔ یاد رہے کہراجستھان رائلز پر میچ فکسنگ کے الزامات ماضی میں متعدد بار عائد ہوئے ہیں، جن میں 2013 کا مشہور اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل شامل ہے۔2013 میں راجستھان رائلز کے شریک مالک راج کندرا پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد ہوئے تھے۔ دہلی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اپنے آئی پی ایل میچوں پر بیٹنگ کی تھی، جس پر بی سی سی آئی نے انہیں معطل کر دیا تھا۔