کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ بلاشبہ قومی ٹیم کی حالیہ کار کردگی سے شائقین خوش نہیں ہیں، پی ایس ایل میں وہ اپنی ناراضی کا اظہار کررہے ہیں، اسٹیدیم میں ان کی تعداد کم ہے، کھلاڑیوں کو اپنی پرفارمنس سے ان کے غصے کو کم کرنے کی کوشش کرنا چاہئے، پی ایس ایل ہمار ا اپنا ایونٹ ہے اسے کامیاب بنانا چاہئے ۔ کراچی میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ محنت سے اپنی غلطیاں کم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، پی ایس ایل جیسی پرفارمنس انٹرنیشنل میں نہیں کر پا رہا۔ پلیئر کو سپورٹ کریں گے تو وہ پرفارم کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ فرحان کا بہترین وقت چل رہا ہے، امید ہے وہ پاکستانی ٹیم میں بھی ایسا ہی کریں گے۔ حسن علی کو محنت کا صلہ مل رہا ہے۔کراچی کنگز کے خلاف پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ اتنا اچھا نہیں رہا۔ اعظم خان کی کارکردگی بہت اہم ہے ، فٹنس سے زیادہ ان کا کھیل اہمیت رکھتا ہے۔ وہ ہمیشہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پرفارم کرتے ہیں۔