گورنر پنجاب نے کاشتکاروں کو پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جڑانوالہ میں کسانوں اور کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی پوری قیمت نہ ملنا بہت بڑاظلم ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلزپارٹی کاشت کاروں کی لڑائی بڑے ایوانوں میں لڑے گی اور ہم کسانوں کو اُن کے حقوق دلوائیں گے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے لاہور نہیں بلکہ پورے پنجاب کے عوام کیلیے کھلے ہوئے ہیں۔ گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کاشتکاروں، مزدوروں اورپسے ہوئے طبقے کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کاشتکاروں کی لڑائی بڑے ایوانوں میں لڑے گی اوران کا جائز حق دلا کررہے گی۔ کسان پہلے ہی مہنگے بیج ،کھاد اوریگر زرعی ادویات مہنگی ہونے سے پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسان اور کاشتکار رل گئے ہیں، اس وقت ضرورت ہے کہ پیپلزپارٹی ان کا ساتھ دے۔ گورنر پنجاب نے یقین دہانی کروائی کہ بلاول بھٹو آپ سے ملیں گے اور آپ کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاکر بلاول بھٹو کا پیغام پہنچا رہا ہوں۔