سری لنکا کے شہر کینڈی میں بدھ مت کے مقدس ترین نوادرات میں شمار کیے جانے والے بدھا کے دانت کی ایک مبینہ تصویر نے ملک میں سنسنی پھیلادی۔
کینڈی میں واقع مشہور ٹیمپل آف دی ٹوتھ (Temple of the Tooth) میں بدھ مت کے ماننے والوں کےلیے انتہائی متبرک دانت کی زیارت کے دوران ایک مبینہ تصویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
سری لنکن پولیس کے مطابق کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کا پتہ لگائے کہ آیا یہ تصویر حالیہ عوامی زیارت کے دوران لی گئی یا فوٹو ایڈیٹنگ کے ذریعے بنائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر تصویر واقعی اندر سے لی گئی ہے تو یہ سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ مقدس دانت کی نمائش اپریل 2009 کے بعد پہلی بار عوام کےلیے کھولی گئی ہے اور اس دوران فوٹوگرافی پر سختی سے پابندی عائد ہے۔ ٹیمپل میں داخلے سے قبل زائرین کو باقاعدہ تلاشی کے بعد اندر جانے دیا جاتا ہے، موبائل فونز اور بیگ ساتھ لے جانا بھی ممنوع ہے۔
یہ دانت، جسے بدھا کا بایاں دانت سمجھا جاتا ہے، سری لنکا کی بدھ مت اکثریت کے نزدیک نہ صرف ایک مذہبی تبرک ہے بلکہ یہ ریاستی خود مختاری کی علامت بھی مانا جاتا ہے۔
نمائش کے پہلے دن صرف ڈھائی گھنٹوں میں تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار افراد نے زیارت کی، جس کے بعد حکام کی جانب سے زیارت کا وقت بڑھا کر ساڑھے پانچ گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ زیارت کا یہ سلسلہ 27 اپریل تک جاری رہے گا۔
بدھا کے دانت کی زیارت کے شوق میں ہزاروں لوگ مندر کے باہر رات گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ شہر بھر میں شدید ٹریفک جام اور رش کی صورتحال برقرار ہے۔