بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں اپنے وجود کو برقرار رکھنا اور موجودگی کا احساس دلانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
معروف بھارتی میڈیا ادارے سے بات چیت کے دوران بنگلور سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ ڈینو کا کہنا تھا کہ میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں بڑے کردار کی تلاش میں ہوں۔
ڈینو موریا جن کے والد اطالوی اور والدہ کیرالہ (بھارت) سے تعلق رکھتی ہیں، نے کہا کہ انکا یہ یقین ہے کہ ایک وقت آئے گا جب چیزیں دوبارہ شروع ہوں گی۔
انہوں نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا موازنہ رولر کوسٹر سے کیا، ان کے مطابق یہاں کافی اتار چڑھاؤ ہوتا ہے، انڈسٹری میں آنا تو آسان ہے لیکن خود کو برقرار رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
1999 کی فلم پیار میں کبھی کبھی سے بالی ووڈ کیریئر شروع کرنے والے ڈینو موریا نے راز، گناہ، اکثر، لائف میں کبھی کبھی، دس کہانیاں اور ہیروز جیسی بڑی فلموں میں کام کیا۔
وہ آخری بار رومینٹک کامیڈی میرے ہسبینڈ کی بیوی میں نظر آئے، جس میں انکے ساتھ ارجن کپور، بھومی پانڈیکر اور اکول پریت سنگھ بھی شامل تھے۔