کیا بھارتی اداکارہ نین تارا کے فلم انڈسٹری میں قریبی دوست نہیں ہیں؟
40 سالہ نین تارا 22 سال سے فلم انڈسٹری میں ہیں، وہ ساؤتھ کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ کی بھی قابل اعتماد اداکارہ ہیں۔
انہوں نے ساؤتھ میں رجنی کانت جیسے بڑے سپر اسٹار کے ساتھ بھی پرفارمنس دی ہے، دوسری طرف انہوں نے بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کے مقابل فلم جوان میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور مداحوں سے خوب داد سمیٹی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نین تارا کا ایک پرانا انٹرویو ایک بار پھر وائرل ہوا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں اُن کا کوئی قریبی دوست نہیں ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں انڈسٹری میں صرف پیشہ ورانہ تعلق رکھتی ہوں، ذاتی تعلق صرف اُن لوگوں سے ہے، جنہیں میں اچھے سے جانتی ہوں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میری زندگی میں دوستی کی بڑی اہمیت ہے، صرف 2 یا 3 لوگ ہیں جو مجھے واقعی جانتے ہیں، انہیں ہی میں اپنا سچا دوست کہہ سکتی ہوں۔
نین تارا کا کہنا تھا کہ یہ ایسے دوست ہے اگر مجھے کبھی کسی چیز کی ضرورت پڑی تو یہ لوگ فوراً وہاں موجود ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں گہری دوستیاں بنانا اور برقرار رکھنا مشکل عمل ہے، دراصل ہر فلم کے ساتھ لوگ بدل جاتے ہیں، شوٹنگ کے بعد ہماری ملاقات کبھی کبھار ہی تقریبات میں ہوتی ہے۔
اداکارہ نے فلم انڈسٹری میں مقابلے کے ماحول سے متعلق کہا کہ تمام ہی انڈسٹریز میں مقابلے کا ماحول ہوتا ہے لیکن فلم انڈسٹری میں یہ صحت مند نہیں، اس لیے بہتر ہے کہ آپ اپنی گزشتہ پرفارمنس سے مقابلہ کریں اور خود کو مزید بہتر بنائیں، چاہیے ایک فیصد ہی ممکن ہو۔
نین تارا آخری بار ’ٹیسٹ ‘ میں آر مادھون اور سدھارتھ کے ساتھ نظر آئی تھیں۔