کراچی، غزہ(نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ میں خیموں ، بے گھر فلسطینیوں کیلئے قائم مراکز اور عمارتوں پر اسرائیلی بمباری میںمزید 50فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، خان یونس میں ایک عمارت پر بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10افراد شہید ہوگئے، قطری نشریاتی ادارے کے مطابق غزہ سٹی میں اسرائیلی فوج کی بمباری کیساتھ ساتھ زمینی کارروائیاں بھی جاری ہیں اور اسے حماس اور دیگر فلسطینی گروہوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا بھی سامنا ہے ، علاقے میں شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔ حماس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ2مارچ سے جاری غزہ کی پٹی کے مکمل اسرائیلی محاصرے کو ختم کرنے کے لئے فوری دباؤ ڈالے۔یہ مطالبہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ نے غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال اور ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی قلت کے بارے میں خبردار کیا ہے۔حماس کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیانے ایک بیان میں کہا، “عالمی برادری سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرے اور غزہ کی پٹی میں ہمارے لوگوں پر عائد کردہ غیر منصفانہ محاصرے کو ختم کرنے کے لئے ضروری دباؤ ڈالے۔ “غزہ کی پٹی کے بڑے حصوں پر قبضہ کر کے، اسرائیل فلسطینی علاقے کا نقشہ دوبارہ کھینچ رہا ہے، غزہ زمین کے سب سے زیادہ گنجان آباد مقامات میں سے ایک ہے اور اسرائیل اسے تیزی سے “ناقابل رہائش” بنا رہا ہے۔