کراچی ( نصر اقبال /اسٹاف رپورٹر) سی او پاکستان سپر لیگ سلمان نصیر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں تماشائیوں کو ہونے والی تکالیف کا احساس ہے اسے دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فرنچائزر کا بڑا مطالبہ تسلیم کرلیا اورپی سی بی نے پی ایس ایل کے انتظامی معاملات الگ کر دئیے ہیں، پاکستان سپر لیگ پرائیوٹ لمیٹڈ کے نام سے پیپر ورک تیار کرلیا گیا ہے ۔ پی ایس ایل سیزن ٹین کے بعد کمپنی کے خدو خال کا اعلان کردیا جائے گا، پی ایس ایل کے دوران کراچی میں شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ پی ایس ایل سیزن الیون میں دو ٹیموں کے اضافے کا امکان ہے، دونوں ٹیمیں کی نیلامی کی رقم ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہوگی۔ انہوں نے تماشائیوں کے حوالے سے کہا کہ کچھ چیزوں کو اسٹیڈیم میں نہ لے جانے کے حوالے سے فیصلوں میں نرمی کی ضرورت ہے، تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دے رہے ہیں۔ دریں اثنا پی ایس ایل میں جمعے کو کھیلے گئے میچ میں بھی تماشائیوں کی تعداد حوصلہ افزاء نہیں رہی، حیرت انگیز طور پر جہاں تماشائی ناراض اور روٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، وہیں شہر کی اہم شخصیات بھی اسٹیڈیم کا رخ نہیں کررہی ہیں، سندھ اور شہری حکومت کی کسی اہم شخصیات کے علاوہ انتظامی امور سے تعلق رکھنے والے عہدے دار اور منتخب ایوانوں کے نمائندوں نے بھی اسٹیڈیم کا رخ نہیں کیا۔ اسٹیڈیم میں شائقین سے زیادہ سکیورٹی اہلکار وں کی تعداد زیادہ دکھائی دے رہی ہے۔