وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ملک کو ڈنڈے کے زور پر نہیں چلایا جا سکتا۔
لاہور ہائی کورٹ بار میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست انصاف پر قائم تھی، اپنے لوگوں کو لانے اور عوام پر مسلط کرنے کے لیے تجربے کیے گئے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ 2024ء کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، ملک میں آئین کو توڑ کر مارشل لاء لگایا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ فیصلہ سازوں کو لیڈرز نہیں غلام چاہئیں، غلام ہمارے فیصلے کریں گے تو ہم بھی غلام ہی رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ملک کی خاطر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ان کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پر تشدد کیا گیا، ہمارے لیڈر، ان کی بیوی اور ہمارے کارکن جیلوں میں ہیں، ہمارے 14 لوگوں کو شہید کیا گیا۔