عمر شہزاد اور شانزے لودھی کی ہلدی کی دلکش تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
پاکستان کے معروف ماڈل، اداکار اور گلوکار عمر شہزاد نے فروری میں مدینہ منورہ کے مقدس مقام مسجدِ نبوی ﷺ میں ماڈل شانزے لودھی سے نکاح کیا۔
اس بابرکت موقع کو انہوں نے نہایت سادگی اور روحانیت کے ساتھ منایا، جس کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر خوب مقبولیت حاصل کی۔
نکاح کے بعد اب دونوں کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں سے حال ہی میں دعائے خیر اور ہلدی کی تقریب منعقد ہوئی، عمر شہزاد اور شانزے لودھی نے اپنی ہلدی کی تقریب کی تصاویر اور جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں، جنہیں بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
ہلدی کی تقریب میں دلہن شانزے لودھی نے پیلے رنگ کا روایتی لباس زیب تن کیا جو نہایت خوبصورتی سے کام دار اور گوٹا کناری سے مزین تھا۔
انہوں نے گولڈ اور سبز رنگ کی جیولری اور روایتی گجروں کے ساتھ اپنی ہلدی کی لک مکمل کی، ان کا انداز خوشی، عاجزی اور سادگی کا حسین امتزاج پیش کر رہا تھا۔
دلہا عمر شہزاد نے اس موقع پر ایش گرے رنگ کی شمرنگ شیروانی پہنی جو نہایت شاندار اور منفرد نظر آ رہی تھی، انہوں نے اس تقریب کو ایک یادگار انداز میں منایا، جہاں ان کے قریبی دوست، فیملی ممبرز اور عزیز و اقارب موجود تھے۔
تقریب میں گلابی، پیلے اور سفید پھولوں کی سجاوٹ کی گئی تھی، دوستانہ ماحول میں ہونے والی یہ ہلدی کی تقریب نہایت پُرمسرت اور خوشیوں سے بھرپور رہی۔
تقریب کی تصاویر میں دلہا دلہن خوش اور مطمئن نظر آئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کی جوڑی کو خوبصورت اور جنت میں بنی جوڑی جیسے القابات سے نوازا۔