ابھرتی ہوئی خوبصورت اور باصلاحیت پاکستانی اداکارہ ریحام رفیق کی شادی کی کہانی منظرِ عام پر آ گئی۔
ریحام رفیق نے فلم کھیل کھیل کے بعد شوبز میں قدم رکھا، حال ہی میں زندگی کے نئے سفر پر روانہ ہوئی ہیں، وہ کامیاب ڈرامہ سیریلز جھوم، کفارہ، جڑواں اور پرورش جیسے پراجیکٹس کا حصہ رہ چکی ہیں۔
ریحام رفیق نے حال ہی میں اپنے قریبی رشتے دار شکیب خان سے شادی کی، جو ایک گھریلو اور سادہ تقریب میں انجام پائی۔
ریحام رفیق اور ان کے شوہر شکیب خان نے ایک مارننگ شو میں شرکت کی جہاں دونوں نے اپنی شادی کی دلچسپ اور خوبصورت کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
ریحام نے خوشی سے کہا کہ الحمد للّٰہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میرے خاندان اور سسرال دونوں بہت سپورٹیو ہیں، کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں تھی، میں نے جیسا چاہا ویسے ہی اپنی شادی انجوائے کی۔
شکیب خان نے اپنی محبت کی کہانی کچھ یوں سنائی کہ ہم دور کے کزن ہیں، میں نے ریحام کو پہلی بار ایک شادی میں دیکھا، وہ وہاں ڈانس کر رہی تھیں، میں نے اپنی امی سے کہا کہ میں ریحام سے شادی کرنا چاہتا ہوں، پھر امی نے رشتہ بھیجا اور رشتہ فوراً قبول بھی ہو گیا۔
ریحام نے بتایا کہ شکیب کا ایک چھوٹا سا عمل مجھے بہت پسند آیا، میں نے انہیں ایک فیملی فنکشن میں دیکھا جہاں وہ ایک بیمار کزن کی خدمت بھی کر رہے تھے اور باقی سب کو کھانا بھی کھلا رہے تھے، یہ صفات بہت کم مردوں میں ہوتی ہیں اور انہیں وہ لمحہ یاد بھی نہیں، لیکن وہی میرے دل میں گھر کر گیا، پھر سب کچھ بہت آسانی سے طے ہو گیا۔
اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی طرف سے مبارک باد اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، لوگوں نے اس جوڑی کو پیار اور سادگی کی خوبصورت مثال قرار دیا ہے۔