جیا بچن کا ایشوریا رائے کو خاندان میں خوش آمدید کہنے والا لمحہ پھر وائرل ہو گیا، ویڈیو میں اداکارہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔
بالی ووڈ کی مقبول جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن 2007ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور 2011ء میں ان کی بیٹی آرادھیا کی پیدائش ہوئی۔
اب ایک پرانی اور جذباتی ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں جیا بچن اپنی بہو ایشوریا رائے کو بچن خاندان میں خوش آمدید کہتی دکھائی دے رہی ہیں۔
یہ ویڈیو 2007ء کے فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ تقریب کی ہے، جہاں جیا بچن کو ان کی فنی خدمات پر ایوارڈ دیا گیا، اسی تقریب کے دوران ابھیشیک اور ایشوریا کی شادی سے کچھ مہینے قبل جیا بچن نے اسٹیج پر کھڑے ہو کر ایشوریا کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج میں ایک بار پھر ساس بننے جا رہی ہوں ایک ایسی پیاری لڑکی کی، جس کی قدریں بہت مضبوط ہیں، جو بہت باوقار ہے اور جس کی مسکراہٹ بہت دلنشین ہے، میں تمہیں اپنے خاندان میں خوش آمدید کہتی ہوں، Love You۔
یہ سن کر ناظرین میں بیٹھی ایشوریا رائے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے، ان کے چہرے پر جیا بچن کی محبت، اعتماد اور قبولیت نے گہرا اثر چھوڑا۔
یہ پہلا موقع نہیں تھا جب جیا بچن نے ایشوریا کی تعریف کی ہو، ایک انٹرویو میں کافی ود کرن کے دوران انہوں نے کہا کہ ایشوریا خود ایک بڑی اسٹار ہیں، لیکن جب ہم سب اکٹھے ہوتے ہیں تو میں نے انہیں کبھی خود کو آگے بڑھاتے نہیں دیکھا، مجھے ان کی یہ خوبی بہت پسند ہے، وہ خاموشی سے سب کچھ سنتی ہیں اور ہر چیز کو دل سے قبول کرتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایشوریا ناصرف ہمارے خاندان میں بلکہ ہماری دوستوں کی محفل میں بھی بہت خوبصورتی سے ڈھل گئی ہے، وہ ایک باوقار اور مضبوط عورت ہے۔