بھارتی یوٹیوبر رنویر الہ آبادیا نے تحریری معافی مانگ لی اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ وہ خواتین سے متعلق گفتگو میں احترام ملحوظ خاطر رکھیں گے۔
رنویر الہ آبادیا نے نیشنل کمیشن فار ویمن (این سی ڈبلیو) کے روبرو تحریری معافی نامہ پیش کیا اور انڈیا گاٹ لیٹنٹ میں کیے گئے نامناسب تبصرے پر معذرت کی۔
انہوں نے این سی ڈبلیو کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مستقبل میں اپنے الفاظ کے استعمال میں زیادہ محتاط رہیں گے، یہ پہلی اور آخری غلطی ہے، اب میں سوچ کر اور خواتین سے متعلق احترام سے بات کروں گا۔
این سی ڈبلیو کی چیئرپرسن وجیہہ رہا ٹکر نے کہا کہ کمیٹی کے روبرو 4 افراد پیش ہوئے، ان میں تشار پجاری، سوربھ بوترا ، پوروا مکھیجا اور رنویر الہ آبادیا شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن نامناسب زبان کے استعمال کو قبول نہیں کرے گا، ایسے تبصرے بالکل بھی قابل قبول نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ رنویر الہ آبادیا نے سمے رائنا کے شو میں ایک نامناسب تبصرہ کیا، جس کے بعد تنازع کھڑا ہوا اور مقدمات بھی درج کیے گئے۔
رنویر الہ آبادیا نے اس پر ویڈیو کے ذریعے عوام سے معافی بھی مانگی تھی ،جس میں کہا تھا کہ میں معافی چاہتا ہوں، میرا تبصرہ نہ صرف نامناسب تھا بلکہ وہ مزاحیہ بھی نہیں تھا، کامیڈی میرا میدان نہیں۔