پاکستان کی سینئر اداکارہ اور میزبان اسما عباس نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر کے مشورے کے باوجود اوزیمپک اور مونجارو جیسے انجیکشن استعمال کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے اس فیصلے کے پیچھے اپنی صحت اور بڑھتی عمر سے جڑے خدشات بیان کیے۔
اسما عباس پاکستانی ٹی وی کی ایک معتبر اور باصلاحیت فنکارہ ہیں، وہ کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکی ہیں، ان دنوں وہ یوٹیوب پر وی لاگز کے ذریعے بھی مداحوں سے جڑی رہتی ہیں۔
اپنے حالیہ وی لاگ میں اسما عباس نے بتایا کہ میں شوگر (ذیابیطس) کے مرض میں مبتلا ہوں اور عمر بڑھنے کے ساتھ میری صحت کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری شوگر کافی زیادہ اپ اینڈ ڈاؤن رہتی ہے، کیونکہ عمر کے ساتھ صحت کے مسائل بڑھ جاتے ہیں، میں حال ہی میں لاہور میں اپنے ڈاکٹر امتیاز حسین کے پاس گئی، جو ایک قابل ڈاکٹر ہیں اور مجھے پورا وقت دیتے ہیں، ٹیسٹ کچھ خراب آئے، تو انہوں نے مجھے اوزیمپک اور مونجارو انجیکشن لگانے کا مشورہ دیا کیونکہ شوگر کی وجہ سے مجھے بار بار بھوک لگتی ہے اور کریونگز رہتی ہیں۔
اسما عباس نے مزید بتایا کہ میں نے مونجارو لینے سے صاف انکار کر دیا، میں نے ڈاکٹر سے کہا کہ مجھے مونجارو مت دیں، اس سے میری جلد لٹک جائے گی، چہرہ بیٹھ جائے گا اور گردن ڈھیلی ہو جائے گی، ابھی میں عمر رسیدہ ضرور لگتی ہوں، مگر مونجارو کے بعد میں بہت دبلی پتلی اور زیادہ بوڑھی نظر آؤں گی، میں ایک کمزور بوڑھی عورت نہیں بننا چاہتی، میں قدرتی انداز میں باوقار طریقے سے عمر بڑھانا چاہتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں وزن کم کرنے کے لیے اب قدرتی طریقہ اختیار کر رہی ہوں، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے واک کروں گی، جو میں نے شروع بھی کر دی ہے، میں زبردستی وزن گھٹانے کے بجائے صحت مند اور قدرتی طریقے کو ترجیح دیتی ہوں۔
