14 C
Lahore
Tuesday, December 16, 2025
ہوم بلاگ

کراچی؛ تحریک آزادی کے رہنما اللہ بخش یوسفی کے بیٹے کے گھر ڈکیتی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار



سائوتھ پولیس نے تحریک آزادی کے رہنما اللہ بخش یوسفی کے بزرگ بیٹے کے گھر سے ڈکیتی کرنے میں ملوث ایک زخمی ملزم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں خاتون ملزمہ بھی شامل ہے۔

تھانہ گذری کی حدود ڈیفنس فیز 4  کمرشل اسٹریٹ مکان نمبر 70 میں 10 دسمبر کو  مسلح ڈاکوؤں نے 82 سالہ طارق یوسفی اور ان کی معذور اہلیہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

ملزمان عمر رسیدہ میاں بیوی کے ہاتھ اور منہ باندھ کر کمروں میں بند کر کے 15 تولے سونا، 30 ہزار درہم ،90 ہزار پاکستانی  روپے،کپڑے ،جوتے ، موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق پولیس نے واقعہ میں ملوث ایک زخمی ملزم ارشد منور مسیح  اور خاتون سمیت اس کے چار ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار دیگر ملزمان میں شریفہ بیگم مسیح، شفیع بنگالی، شہریار بنگالی اور گلزار مسیح شامل ہیں جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پی ٹی آئی کا ووٹر مایوس ہوکر گھر بیٹھ گیا ہے: عطاء تارڑ


عطاء اللّٰہ تارڑ—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا ووٹر مایوس ہو کر گھر بیٹھ گیا ہے۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران عطاء تارڑ نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی کال پر اب لوگ نہیں نکلتے، خیبر پختون خوا میں ان کی حکومت ہے اس کے باوجود لوگ نہیں نکال پا رہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور یا کوہاٹ کا جلسہ ہو لوگ تحریکِ انصاف کے جلسوں میں نہیں جا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا ووٹر مایوس ہو کر گھر بیٹھ گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف جیل میں تھے، وکلاء نے کبھی سیاسی بات نہیں کی، کیسز پر توجہ دیتے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ جب آتے ہیں سیاسی گفتگو کرتے ہیں، جیل مینئول کی خلاف ورزی کوئی بھی کرے گا ملاقات بند ہو گی۔

عطاء تارڑ نے یہ بھی کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا ناشتہ غریب کے 4 دن کے کھانے کے برابر ہے، انہیں ٹریڈ مل دستیاب ہے، وہ ڈیڑھ گھنٹہ سائیکلنگ بھی کرتے ہیں۔



سیکیورٹی ضمانتیں ملیں تو نیٹو رکنیت کی خواہش ترک کردیں گے؛ یوکرینی صدر کی پیشکش


یوکرین، یورپی ممالک اور روسی نمائندوں کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں، مشاورت اور تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری ہے جس میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کی متعدد جنگیں رکوانے کا دعویٰ کرچکے ہیں تاہم روس یوکرین جنگ پر تعطل اب بھی برقرار ہے۔

روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ نے تجاویز پیش کیں جس پر پوٹن نے نیم رضامندی ظاہر کی اور یوکرینی صدر بھی اپنے ساتھیوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔

ایسے ہی مشاورتی اجلاس کے بعد یوکرینی صدر زیلنسکی نے مضبوط سیکیورٹی ضمانتوں کے بدلے نیٹو کی رکنیت کی دیرینہ خواہش ترک کرنے کی پیشکش کر دی۔

انھوں نے کہا ہے کہ اوّلین مقصد ملکی سرحدوں اور عوام کی جان کے تحفظ ہے، اگر اس کے لیے مغربی ممالک مضبوط سلامتی کی ضمانت دیں تو نیٹو میں شمولیت سے دستبردار ہو جائیں گے۔

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے شکوہ کیا کہ امریکا اور یورپ کے بھی کچھ شراکت داروں نے ہماری نیٹو میں شمولیت کی حمایت نہیں کی۔

خیال رہے کہ صدر زیلنسکی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب برلن میں امریکا اور یوکرین کے اعلٰی سطح کے وفود کے مذاکرات دوسرے دور میں داخل ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ روس نے یوکرین پر فروری 2022 میں حملہ کرکے اس کے پانچ بڑے علاقوں کو خود میں ضم کرلیا تھا۔ یہ وہ علاقے تھے جس پر روس اپنی ملکیت کا حق جتاتا تھا۔

یوکرین پر روس نے یہ حملہ اسے نیٹو میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے کیا تھا۔ جب بار بار انتباہ کے باوجود یوکرینی صدر نے نیٹو میں شمولیت کی درخواست واپس نہ لی تھی۔

روسی حملے کے بعد سے یوکرینی صدر کو امریکا سمیت یورپی ممالک سے جس مدد اور تعاون کی امید تھی وہ تاحال پوری نہ ہوسکی۔

البتہ امریکا کے سابق صدر جوبائیڈن اور ان کی حکومت نے کسی حد تک یوکرین کی مدد جاری رکھی اور روس پر پابندیاں عائد کرکے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔

تاہم امریکا کی موجودہ حکومت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی پر زیادہ توجہ دی اور اس کے لیے اپنی تجاویز اور خدمات بھی پیش کیں۔ 

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد جب یوکرینی صدر ان سے ملنے گئے تو انھیں واشنگٹن کے بدلتے موسم کا بخوبی اندازہ ہوگیا تھا۔

 

 



دھند کے باعث موٹر وے ایم 3، ایم 4، ایم 5 کئی مقامات سے بند


—فائل فوٹو

پنجاب میں دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 اور ایم 5 کئی مقامات سے بند کر دی گئیں۔

موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 درخانہ سے رجانہ تک، موٹر وے ایم 3 ہی جڑانوالہ سے درخانہ تک، موٹر وے ایم 4 گوجرہ سے ملتان تک اور موٹر وے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہے۔ 

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں۔

قومی شاہراہ پر کسوال،اقبال نگر، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا ہے کہ قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 100 میٹر تک ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کاباعث ہو سکتی ہے۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔



کراچی؛ کورنگی میں گھریلو ماسیوں سمیت تین افراد نے گھر کا صفایا کر دیا، مزاحمت پر مالکن زخمی



ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقے الفلاح میں گھریلو ماسیوں سمیت  تین افراد نے گھر کا صفایا کردیا، ملزمان نے واردات مزاحمت پر مالکن خاتون کو بھی زخمی کردیا۔

ایس ایچ اوتھانہ الفلاح راو عمیر کے مطابق پیر کی شام چار بجے  کے قریب الامین سوسائٹی ملیر میں کنسٹرکشن کے کاروبار سے تعلق رکھنے والے حمزہ کے گھرپر  دوخاتون سمیت  تین  افراد نے گھس کر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر  حمزہ کی اہلیہ کو تیز دھا ر آلہ کے وار سے زخمی کردیا۔

ملزمان گھر سے نقدی، طلائی زیورات و دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، زخمی خاتو ن کو  ان کے اہلخانہ نے طبی امداد کے لئے آغا خان اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

ایس ایچ اوتھانہ الفلاح راو عمیر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گھر میں ڈکیتی کرنے والی  ماں اور بیٹی ان کی ملازمہ تھی۔ شبہ ہے کہ وہ  بیٹے  کے ہمراہ ڈکیتی کر کے فرار ہوگئی ہیں، پولیس کے مطابق  ملزمان  موٹر سائیکل پر  فرار ہوئے ، تاہم پولیس ملزمان کی تلاش کررہی ہے۔

خواتین کے ساتھ گھر میں داخل ہونیوالے ڈاکو گھر لوٹ کر فرار


—فائل فوٹو 

کراچی کے علاقے ملیر الفلاح میں گھر میں مبینہ ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پیش آیا ہے، متاثرہ شہری کا دعویٰ ہے کہ 2 خواتین اور 1 مرد نے ڈکیتی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں چھری کے وار سے خاتون زخمی بھی ہوئی، متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان طلائی زیوارت لوٹ کر لے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک مرد اور دو خواتین کی موٹر سائیکل پر آنے کی سی سی ٹی وی ویڈیو موجود ہے، سی سی ٹی وی ویڈیو میں دونوں خواتین اور مرد کو گھر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گھر سے ڈکیتی کے شواہد نہیں ملے، واقعہ ڈکیتی ہے یا ذاتی دشمنی تحقیقات کر رہے ہیں۔



اسرائیل کیخلاف مزاحمت فلسطینی عوام کی خواہش ہے: حماس رہنما اسامہ حمدان


اسامہ حمدان—فائل فوٹو

حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت تمام فلسطینی عوام کی خواہش ہے، آئندہ مرحلے میں دنیا حماس کا مضبوط انتظامی ڈھانچہ دیکھے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حماس میں اختلافات کی من گھڑت باتوں کے پیچھے اسرائیل ہے، اسرائیلی جرائم کو مزاحمت سے جوڑنا غاصبانہ قبضے کے لیے ہے۔

اسامہ حمدان نے کہا کہ قابض اسرائیلی حکومت تمام فلسطینیوں کی دشمن ہے، غزہ جنگ بندی سے اب تک 400 سے زائد فلسطینی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں امداد اور انفرااسٹرکچر کی بحالی میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے، حماس کو اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں پر ردِعمل کا مکمل حق حاصل ہے۔

اسامہ حمدان نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا خاتمہ بین الاقوامی ضمانتوں کی ناکامی ہو گی، حماس اسرائیلی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ثالث ممالک قطر، ترکیہ اور مصر کے ساتھ رابطے میں ہے۔



قومی ایئرلائن کی نجکاری کیخلاف عالمی عدالت جانے کا عندیہ


پاکستان پیپلزپارٹی لیبر ڈویژن کے رہنما اور پیپلزیونٹی آف پی آئی اے نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کیخلاف عالمی عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

کراچی پریس کلب میں پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز کے مرکزی صدر ہدایت اللہ خان، سینئررہنما پاکستان پیپلزپارٹی انچارج لیبرڈویژن پاکستان چوہدری منظور، لیبر ڈویژن سندھ کےصدرحبیب الدین جنیدی نےمشترکہ پریس کانفرنس کی۔

صدرپیپلزیونٹی آف پی آئی اے ہدایت اللہ نے کہا کہ پی آئی اے کوسوچے سمجھےمنصوبے کے تحت پرائیوٹائز کیا جارہاہے، ہم نےبھی بولی میں شامل ہونے کی درخواست کی جسے بغیر کسی جائزے کے مسترد کر دیا گیا، اگر ایسا نہ ہوا توآئی ٹی ایف کے ذریعے بین الاقوامی عدالت انصاف کا دروازہ  ضرور کھٹکھٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ موجودہ اورریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر فوائد کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہوگا اور ہمیں تحریری یقین دہانی کرائی جائے۔

ان کاکہنا تھا کہ منگل سے علامتی طور پر ایک گھنٹے پر مشتمل احتجاج شروع کررہے ہیں جبکہ 23 دسمبرکو احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائےگا۔

احتجاج کے دوران لازمی سروسز کے ایکٹ کے قوانین کی خلاف ورزی پرہدایت اللہ خان کا کہنا تھا کہ وہ پرامن احتجاج کے حامی ہیں، کسی انتہائی اقدام کے حامی نہیں ہیں مگرحکومت بھی ہزاروں ملازمین کی پریشانیوں کا احساس کرے۔

رہنما و انچارج پیپلز پارٹی لیبر ڈویژن چوہدری منظورکا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری 23 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے جوکہ سراسرغیر قانونی اورغیر آئینی ہے، پی آئی اے کا حل نجکاری نہیں بلکہ فضائی بیڑے میں نئے جہازوں کا اضافہ ہے۔

چوہدری منظور نے کہا کہ دنیا بھرمیں لیز پر جہازوں کا حصول عام سی بات ہے، بیرون ممالک پاکستانی سرمایہ کار پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پی آئی اے میں حصہ ڈالنے کے لیے آمادہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے، قومی خزانے پر بوجھ نہیں ہے، گورنمنٹ نے کبھی سبسڈی یا گرانٹ نہیں بلکہ قرض دیا ہے، ایک دفعہ ناکامی کے بعد دوبارہ قوانین کومرضی کے مطابق ڈھال کر کوشش کی جارہی ہے کہ اونے پونے اپنے من پسند افراد کو فروخت کر دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ درپردہ خود ہی موجود ہیں، مطلب خود ہی خریدار ہیں، پیپلز یو نئی آف پی آئی اے ایک قانونی حیثیت رکھتی ہے مگرجان بوجھ کرنجکاری کے عمل سےسے باہر رکھا گیا۔



پکڑی گئی منشیات فروخت کرنے کا الزام، ڈی ایس پی واصف قریشی سب انسپکٹر سمیت معطل


—فائل فوٹو

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ایس آئی یو واصف قریشی اور سب انسپکٹر اعجاز بٹ کو معطل کر دیا گیا۔

کراچی پولیس ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

واصف قریشی اور اعجاز بٹ پر پکڑی گئی منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے۔

منشیات پکڑے جانے پر یکم دسمبر کو 2 صوبائی وزراء اور کراچی پولیس نے پریس کانفرنس کی تھی۔



پریمیئر نیو ساؤتھ ویلز کرس منز احمد الاحمد کی عیادت کرنے اسپتال پہنچ گئے


—فوٹو بشکریہ ایکس 

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے پریمیئر کرس منز احمد الاحمد کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ احمد ایک حقیقی زندگی کا ہیرو ہے، جس نے غیر معمولی بہادری سے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر بے شمار جانیں بچائیں۔

برطانوی براڈ کاسٹر پیئرس مورگن نے کہا ہے کہ احمد کے خاندان نے تصدیق کی ہے کہ وہ مسلمان ہے، جو شام سے ہجرت کر کے آسٹریلیا آیا اور اب آسٹریلوی شہری بن گیا ہے۔

پیئرس مورگن نے احمد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کی صحت یابی کی دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ شامی ہیرو احمد الاحمد کے لیے امریکی ارب پتی کی جانب سے 1 لاکھ ڈالرز کا انعام کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ آن لائن فنڈز اکٹھا کرنے کی مہم بھی شروع ہو گئی ہے جس کے تحت 10 لاکھ ڈالرز جمع کر لیے گئے ہیں۔

ادھر بانڈی بیچ پر دہشت گرد حملے کے دوران ایک حملہ آور کو قابو کر کے اسلحہ چھیننے والے احمد الاحمد کی پہلی سرجری کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔

آسٹریلوی میڈیا اور حکام کی جانب سے ہیرو قرار دیے جانے والے 43 سالہ احمد الاحمد اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

احمد الاحمد کے کزن نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ پہلی سرجری کامیاب رہی ہے، تاہم ڈاکٹروں کے فیصلے کے مطابق مزید آپریشنز کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔

حکام کے مطابق احمد الاحمد کو بازو اور ہاتھ میں گولی لگنے سے زخم آئے تھے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے سینٹ جارج اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے دوران ان کی بہادری کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے اور انہیں متعدد جانیں بچانے کا سبب قرار دیا جا رہا ہے۔