18 C
Lahore
Saturday, December 13, 2025
ہوم بلاگ

انٹارکٹیکا کے ’ڈومز ڈے گلیشیئر‘ نے سیکڑوں زلزلوں کیساتھ خطرے کی گھنٹی بجادی

0

—فائل فوٹو 

انٹارکٹیکا کے مشہور ’ڈومز ڈے گلیشیئر‘ کے ارد گرد آنے والے سیکڑوں برفانی زلزلوں کے انکشاف کے سبب سائنسدانوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق گلیشیئر کے ارد گرد کے علاقے میں زلزلے اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب برف کے دیو ہیکل ٹکڑے ٹوٹ کر سمندر میں گرتے ہیں اور مرکزی گلیشیئر سے ٹکراتے ہیں۔

یہ برفانی زلزلے عام زلزلوں سے مختلف ہوتے ہیں اور آتش فشانی یا زمینی پلیٹوں کی حرکت سے پیدا نہیں ہوتے۔

گلیشیئر کے علاقے میں آنے والے اِن زلزلوں کے سبب اونچی فریکوئنسی لہریں پیدا نہیں ہوتیں جس کی وجہ سے اِن کی عام آلات سے نشاندہی کرنا مشکل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں نے انہیں پہلی بار 2003ء میں دریافت کیا تھا۔

حالیہ تحقیق میں انٹارکٹیکا میں 360 سے زائد ایسے زلزلے سامنے آئے ہیں جو پہلے ریکارڈ نہیں ہوئے تھے۔ 

ان برفانی زلزلوں میں زیادہ تر زلزلے ڈومز ڈے گلیشیئر کے کنارے پر آئے جسے ’تھویٹس گلیشیئر‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی اس گلیشیئر کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، اگر یہ گلیشیئر مکمل طور پر منہدم ہو گیا تو عالمی سمندری سطح میں تقریباً تین میٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

ایسی صورت میں بڑے پیمانے پر سیلاب، جزائر کے ڈوبنے، ساحلی شہروں کی تباہی اور لاکھوں افراد کی نقل مکانی کا خدشہ ہے جس سے دنیا کو ایک نئے انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



نواز شریف نےملک برباد کرنےوالوں کے نام لیےتو ہمارے رہنما اسیٹج سے چھلانگیں مارکر دوڑ گئے، جاوید لطیف


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ صرف فیض حمید کو گرفتار کرنے اور سزا دینے سے انصاف نہیں ہوسکتا، پاکستان کی بربادی کرنے والا ایک بڑا گروپ تھا، جب گوجرانوالہ میں نوازشریف نے ان کے نام لیے تو ہمارے اپنے کمزور دل کے لوگ اسٹیج سے چھلانگیں مار کر دوڑ گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک ویڈیو کلب میں انہوں نے کہا کہ بڑے عرصے سے کہہ رہا تھا کہ فیض حمید کو گرفتار کرنے اسے سزا دینے سے جسٹس نہیں ہوسکتا۔پاکستان کی بربادی کرنے والا ایک بڑا گروپ تھا، میں تو بڑے عرصے سے نام لیتا آیا ہوں۔گوجرانوالہ میں نوازشریف نے نام لیے تھے تو ہمارے اپنے کمزور دل کے لوگ اسیٹج سے چھلانگیں مار کر دوڑ گئے تھے۔

فیض حمید کو سزا دینا کافی نہیں ہے، فیض حمید کےساتھ مل کر جو اداروں میں کھلواڑ کررہے تھے بغاوت پر اکسا رہےتھے، فیصلے لے رہےتھےکسی کو صادق امین کا سرٹیفکیٹ دلوا رہےتھے، کسی کو بیٹے سےتنخواہ نہ لینے پر دو تہائی اکثریت والی ترقی کرتی حکومت کو ختم کرکےپاکستان کو تباہی کےنہج پر پہنچایا۔

میں اپنے گھر کی بات نہیں کر رہا، میرے گھر والوں سے جو سلوک جنرل باجوہ اور فیض حمید نے کیا جو تشدد کروایا اسے معاف کرتا ہوں، مگر اس قوم کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے ریاست کو ڈبونے والے اس نہج تک لانے والے جو بھی ہیں ان کو کس طور بھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔

نوازشریف نےگوجرانوالہ میں کہا تھا یہ پانچ لوگ ہیں جنہوں پاکستان کو برباد کردیا، میں ان کے ہاتھوں اپنے لیےکچھ نہیں مانگوں گا سولی چڑھ جاؤں گا مگر پاکستانی قوم کو آزادی دلوا کر جاؤں گا،اس نےکوئی توپ ٹینک نہیں پکڑا جو نوازشریف نےکہا اللہ تعالیٰ نے سنا آج سب چہرےانجام کو پہنچ رہےہیں۔

 



اسلام آباد: پولیس اہلکاروں کا گینگ بنا کراغوا برائے تاوان کی واردات کرنے کا انکشاف

0

وفاقی پولیس کے 2 اہلکاروں کا گینگ بنا کر اغوا برائے تاوان کی واردات کرنے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ ملزمان نے سونے کے تاجر کو اٹھایا، پرائیویٹ ٹارچرسیل میں رکھ کر تشدد کیا اور 2 کروڑ روپے لیے۔

ذرائع نے کہا کہ بدترین تشدد، پیسے لینے، سادہ کاغذوں پر انگوٹھے لگوانے اور کسی کو نا بتانے کی قسمیں دے کرچھوڑا۔

ایس پی صدر علی کاظم نے انکوائری کرکے دونوں اے ایس آئیز کو قصور وار قرار دے دیا جس کے بعد دونوں اے ایس آئیز اور ساتھیوں سمیت ملزمان پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سوات سے تعلق رکھنے والے تاجر راولپنڈی میں سونا بیچ کر واپس جارہے تھے۔

تاجر نے کہا کہ  پولیس کے 2اے ایس آئیز نے ساتھیوں سمیت روکا اورزبردستی نجی ٹارچر سیل لے گئے، تلاشی کے بہانے گاڑی میں پڑے 4 کروڑ روپے اٹھا لیے، پولیس اہلکاروں کے ساتھ ایک شخص جس نے اپناتعارف ایف آئی اے کے افسر کے طورپر کروایا۔

تاجر نے کہا کہ منت سماجت پر ان لوگوں نے 2 کروڑ اپنے پاس رکھ لیے اور 2 کروڑ ہمیں واپس کر دیے۔

متاثرہ تاجروں کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے انکوائری کا حکم دیا، ایس پی صدر علی کاظم نے انکوائری میں ملزمان کوقصور وار قرار دے کر مقدمہ درج کرلیا۔



فیض حمید پر اور بھی الزامات ہیں جن پر قانونی کارروائی کی جائے گی: خواجہ آصف


—فائل فوٹو

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فیض حمید پر اور بھی الزامات ہیں جن پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ فیض حمید کے ذریعے مخالفین کو جیل میں ڈالا گیا، فیض حمید بانی پی ٹی آئی کے پروجیکٹ کے انچارج تھے۔

انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر کے طور پر بھی بانی کو سہولتیں میسر کرنے کی کوشش کی گئی، وہ ملک کے ساتھ بھیانک کھیل کھیلتے رہے، بانی اور فیض ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم تھے۔

 وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آج بھی جو عناصر بانی پی ٹی آئی کو لانے کی تگ و دو کر رہے ہیں اس کے بیج فیض حمید نے بوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر فیض اور بانی پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ رہتا تو نہ جانے کیا ہوتا، یہ سلسلہ یہاں ختم نہیں ہوگا، جن لوگوں نے اپنے اقتدار کے لیے ملک کو نقصان پہنچایا ان کا احتساب کیا جائے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے ذریعے فیض حمید کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا گیا، 4 سال بانی پی ٹی آئی نے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا، فیض اور بانی پی ٹی آئی اس کے ذمہ دار ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تمام مخالفین کو فیض حمید کے ذریعے جیل میں ڈالا گیا، فیض حمید ملک کے ساتھ نہایت بھیانک کھیل کھیلتے رہے، تمام سازشوں کے پیچھےفیض حمید تھا، 9 مئی کی تباہی بھی فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کی تھی۔ ان لوگوں نے پاکستان کے ساتھ دشمنی کی ہے ان کو انجام تک پہچانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا، نواز شریف کو قید کرنا، ن لیگ کے ورکرز کو قید کرنا، سب کے پیچھے فیض حمید کا دماغ کام کر رہا تھا، مفادات بانی پی ٹی آئی کے تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے حالات درست کرنے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ افغان قیادت سمجھے کہ امن کا سب سے زیادہ فائدہ ان کا اپنا ہے۔ مغربی سرحد پر جو کچھ ہورہا ہے وہ بھارت کی وجہ سے ہو رہا ہے۔



اسرائیل نے مغربی کنارے پر 19 نئی بستیوں کی منظوری دے دی


–فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

اسرائیل نے مغربی کنارے میں 19 نئی یہودی بستیوں کو قانونی حیثیت دے دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی پارلیمنٹ نے 19 یہودی بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کی منظوری دے دی ہے۔

اس اقدام کی تجویز انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ اور اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے پیش کی تھی۔

اسرائیل کے اس فیصلے پر فلسطینی اتھارٹی نے مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی نئے اقدام کو فلسطین کی تباہی قرار دیا ہے۔ 

فلسطینی حکام کی جانب سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کے اصل ارادوں کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ الحاق، نسلی امتیاز اور فلسطینی علاقوں پر مکمل قبضے کے نظام کو مستحکم کرنا چاہتی ہے۔



گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم معین خان کی ملاقات


فائل فوٹوز

سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان منفی رجحانات سے دور رہیں گے۔ کھیل نوجوانوں کو مثبت سمت، نظم وضبط اور کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

کامران ٹیسوری سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں سندھ میں کرکٹ اکیڈمیز کے قیام اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز پر تفصیلی گفتگو اور سندھ میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ سرگرمیوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں شخصیات نے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، پیشہ ورانہ کوچنگ اور اسپورٹس انفرااسٹرکچر کے فروغ پر زور دیا۔

اس موقع پر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔



خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہماری اولین ترجیح ہے، حنا پرویز بٹ



لاہور:

پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے جس کے تحت خواتین کے خلاف صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے ادارہ جاتی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ اور سی ای او پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک سید رضا علی نے کیے۔

تقریب میں ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کلثوم ثاقب اور پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک کی پنجاب کی صوبائی لیڈ سمیعہ یوسف بھی موجود تھیں۔

حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹل اور صنفی تشدد کے خلاف مشترکہ اقدامات کو عملی شکل دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنفی تشدد کے خلاف صوبائی سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے لیے صنفی انصاف اور تحفظ پر ڈیجیٹل فیلوشپ کا آغاز ہوگا، ٹیکنالوجی کے ذریعے صنفی تشدد کے خلاف آگاہی مہمات کو وسعت دی جائے گی۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے تمام اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت یکجا کیا جائے گا، متاثرہ خواتین کے لیے ریفرل سسٹم اور ڈائریکٹری کو مؤثر بنایا جائے گا، خواتین کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی ردِعمل کو مضبوط بنانا ہمارا ہدف ہے۔



راولپنڈی: چوری کی واردات کی تفتیش میں پیشرفت، ملزم کا بیٹی کیساتھ ملکر زیورات چرانے کا انکشاف

0

مورگاہ پولیس نے کارروائی گھر میں چوری کی واردات کی تفتیش کے دوران واردات میں ملوث گھریلو ملازمہ کے والد کو بھی گرفتار کرلیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ مسروقہ طلائی زیورات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 5 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے گئے۔

قبل ازیں گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرکے طلائی زیورات کی فروخت سے حاصل رقم 3 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کی گئی تھی۔

ملازمہ کے انکشاف پر اس کے والد کو شامل تفتیش کیا گیا تو ملزم نے اپنی بیٹی کے ساتھ ملکر طلائی زیورات چرانے اور فروخت کرنے کا اعتراف کیا، واقعہ کا مقدمہ گزشتہ ماہ درج کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق زیر حراست شخص کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔



8 سالہ بچے سے زیادتی کے ملزم عاصم گُل کی اپیل خارج


فائل فوٹو

سپریم کورٹ نے 8 سال کے بچے سے زیادتی کے کیس میں ملزم عاصم گُل کی اپیل خارج کردی۔

ملزم عاصم گُل کی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار ہے۔ اس حوالے سے جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کیس پر سماعت کی تھی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بچے کی گواہی، طبی اور ڈی این اے شواہد سے مطابقت رکھتی ہے، شواہد میں کوئی تضاد یا قانونی نقص ثابت نہیں ہوا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ بچے کی والدہ نے بتایا بچہ گھر لوٹا تو گردن پر خراشیں تھیں اور بچہ پریشان تھا، متاثرہ بچے نے بتایا کہ ملزم پتنگ اور کنچے دینے کا جھانسہ دے کر لے گیا تھا۔

فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ملزم عاصم گُل بچے کو زیرِ تعمیر دکان میں لے گیا جہاں زیادتی کی گئی، بعدازاں اڈیالہ جیل میں شناخت پریڈ ہوئی جس میں متاثرہ بچے نے ملزم کی شناخت کی۔

سپریم کورٹ کے مطابق ٹرائل کورٹ نے 12 اپریل 2021 کو عاصم گُل فراز کو مجرم قرار دیا تھا اور 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 4 اگست 2021 کو دونوں اپیلیں مسترد کردی تھیں۔



بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز نے ایک اور کشمیری نوجوان کو قتل کردیا


فائل فوٹو

قابض بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز نے ایک اور کشمیری نوجوان کو بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق کشمیری نوجوان کی شناخت خالد شریف بٹ کے نام سے ہوئی ہے جس کی مسخ شدہ لاش مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے وجے پور سے ملی۔

سوگوار خاندان نے اس بہیمانہ قتل پر بھرپور احتجاج کیا جبکہ حریت رہنما عبدالحمید نے خالد بٹ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیری نوجوان کو بھارتی ایجنسیز نے اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ تشدد کے دوران شہید ہوا۔