31 C
Lahore
Monday, July 21, 2025
ہومغزہ لہو لہوایم کیو ایم پاکستان کی پریس کانفرنس پر ترجمان سندھ حکومت کا...

ایم کیو ایم پاکستان کی پریس کانفرنس پر ترجمان سندھ حکومت کا شدید ردعمل



کراچی:

میئر سکھر اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ جھوٹ، ماضی کی تباہ کاریاں اور آج کی خدمت میں فرق پہچاننا عوام کے لیے اب مشکل نہیں رہا۔ فاروق ستار ہم پر جھوٹے الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ وہ آج بھی اُس جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے کراچی کو بوری بند لاشوں، لسانی نفرت اور منظم تشدد کا مرکز بنایا۔

انہوں نے کہا کہ 12 مئی 2007 کا سیاہ دن کراچی کی تاریخ کا وہ بھیانک باب ہے جسے عوام کبھی فراموش نہیں کر سکتے، اس دن نہ صرف درجنوں افراد کو گولیوں سے بھون ڈالا گیا بلکہ میڈیا ہاؤسز، عمارتیں، دفاتر، فیکٹریاں اور گاڑیاں نذرِ آتش کی گئیں۔ فائر بریگیڈ اور ایمبولینسوں کو راستہ نہیں دیا گیا، زخمیوں کو یرغمال بنا لیا گیا اور شہر کو خون میں نہلا دیا گیا۔

بیرسٹر ارسلان نے کہا کہ یہ سب کچھ ایک سیاسی طاقت کے مظاہرے کے طور پر کیا گیا، اگر واقعی ضمیر زندہ ہے تو فاروق ستار کو چاہیے کہ وہ اُس جماعت سے علیحدگی اختیار کریں جس نے کراچی کو تباہ کیا اور عوام سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پرانی اور خستہ حال عمارتوں کے مسئلے پر مکمل عدالتی رہنمائی کے ساتھ صرف انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کارروائیاں کر رہی ہے، کسی کو بے گھر کرنا ہمارا مقصد نہیں مگر انسانی جانیں ہمارے لیے سب سے مقدم ہیں۔

بیرسٹر ارسلان نے کہا کہ فوجی آمر کے زیرِ سایہ وہ 10 سال کراچی کے لیے ایک لسانی، ادارہ جاتی اور سماجی زوال کا دور تھے۔ اس وقت جعلی این او سیز کا اجرا، رفاحی زمینوں پر قبضہ، منظم بھتہ خوری اور قبضہ مافیا کی سرپرستی عروج پر رہی۔ آج اگر کوئی احتساب ہونا چاہیے تو انہی سالوں کا ہونا چاہیے۔

بیرسٹر ارسلان شیخ نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعید غنی نے بلدیاتی نظام کو فعال، بااختیار اور شفاف بنایا۔ ان کی قیادت میں اختیارات، ترقیاتی فنڈز اور منصوبہ بندی یونین کونسل کی سطح تک منتقل ہو چکی ہے، بلدیاتی نمائندے اب نمائشی نہیں، حقیقی بااختیار اور عوامی خدمت کے علمبردار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعید غنی نے تعلیم، صفائی، شہری سہولیات اور سڑکوں جیسے شعبوں میں عملی کام کر کے مقامی حکومت کو ایک زندہ حقیقت بنایا، سعید غنی کا وژن دیانتداری، شفافیت اور کارکردگی پر مبنی ہے، وہ صرف سیاسی باتیں نہیں کرتے، عوامی مسائل حل کرتے ہیں۔

بیرسٹر ارسلان نے فاروق ستار سے واضح مطالبہ کیا کہ اگر واقعی وہ اصلاحات کے حامی ہیں تو پہلا قدم یہ ہونا چاہیے کہ وہ اُس جماعت سے استعفیٰ دیں جس نے کراچی میں نفرت، تباہی اور خوف کی سیاست کو فروغ دیا اور عوامی طور پر معافی مانگ کر جمہوری سیاست کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ اردو بولنے والے اور سندھی سب برابر کے شہری ہیں۔ ہم لسانی سیاست کو مسترد کرتے ہیں، عوامی خدمت، بھائی چارہ، اور اتحاد ہی ہمارا منشور ہے، سندھ کے عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ شور شرابہ، الزام تراشی، اور نفرت کی سیاست کا کوئی مستقبل نہیں۔ سندھ حکومت اپنے ویژن (شفافیت، ترقی، قانون کی بالادستی اور عوامی فلاح) پر کاربند ہے، منفی سیاست کا جواب ہم صرف کارکردگی سے دیں گے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات