خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا ہے کہ ارکانِ اسمبلی کو حلف اٹھانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالت جائیں گے، چیف جسٹس سے درخواست کریں گے، آئینی کام میں تاخیر اسمبلی سے کھلواڑ ہے، آج شام یا کل حلف برداری ہو جائے گی۔
ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا کہ صوبہ سیاسی نابالغوں کے ہاتھوں میں ہے، یہ کیسی دو تہائی اکثریت ہے کہ حکومت کورم بھی پورا نہ کرسکی، غیر آئینی کاموں کے لیے تو رات دو بجے بھی اسمبلی بلالی جاتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے مذاکرات لیڈر آف دی ہاؤس اور پارٹی قائدین سے ہوئے لیکن پی ٹی آئی میں لیڈر کون ہے یہ پتہ ہی نہیں چلتا۔
واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے ہونے والا خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی پر ملتوی کر دیا گیا۔
کورم کی نشاندہی پی ٹی آئی کے رکن شیر علی آفریدی نے کی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے رکن احمد کنڈی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری اسمبلی ایجنڈے میں موجود ہے، حلف برداری آئین کے مطابق ہوتی ہے، اس کا ٹائم فریم دیا ہوتا ہے ۔
جس پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی تعداد 25 ہے ، کورم پورا نہیں ہے۔