خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی آمد جاری ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس شروع ہونے میں تاخیر ہو گئی ہے، ڈیڑھ گھنٹہ گزرنے کے باوجود اجلاس ابھی تک شروع نہ ہو سکا۔
اجلاس شروع ہونے کے کچھ وقت بعد کورم کی نشاندہی پر ملتوی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس ملتوی کرنے سے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا عمل رک جائے گا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسمبلی اجلاس بلانے میں ٹال مٹول کی جا رہی تھی۔
حکومتی اراکین میں صرف ایک رکن عبدالسلام اسمبلی پہنچے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں اگر کورم کی نشاندہی کی گئی تو ہمارے پاس آپشن ہے، حلف برداری ہو گی، اگر نہیں ہوتی تو یہ پی ٹی آئی ہے کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر عباد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اور حکومت کا فارمولہ طے ہے، اگر آج یا کل حلف نہ لیا گیا تو عدالت جائیں گے۔
دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب کر لیا، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو فی الحال اسمبلی ہال نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اہم فیصلہ کیا جائے گا۔