35 C
Lahore
Sunday, July 20, 2025
ہومغزہ لہو لہوگرین شرٹس اور بنگال ٹائیگرز ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں...

گرین شرٹس اور بنگال ٹائیگرز ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آج مدمقابل ہوں گے



ڈھاکا:

پاکستانی ینگ بریگیڈ نے بنگال ٹائیگرز کو نشانے پررکھ لیا،سیریز کا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ کافی شاندار ہے، اسے 19 جبکہ حریف کو 3 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی، پاکستان نے گذشتہ باہمی سیریز میں بنگلہ دیشی سائیڈ کو لاہور میں ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کی خفت سے دوچار کیا، اب جوابی سیریز میں بھی اسی کھیل کا سلسلہ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ 

ہوم گرائونڈ پر بیٹرز نے بنگلہ دیشی بولرز کے خلاف اٹیکنگ انداز اپنایا جبکہ بولرز اور فیلڈرز نے بھی بہتر کھیل پیش کیا تھا، ہیڈکوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا ٹی 20 انٹرنیشنل کے ٹرینڈز اپنانے کی کوشش کررہے ہیں، اس میں ابتدائی 6 اوورز میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانا شامل ہے۔ 

پاکستان کے پاس اس کیلیے موزوں بیٹرز موجود ہیں، صائم ایوب، محمد حارث اور سلمان علی آغا جارحانہ کھیل سے پہچانے جاتے ہیں، ٹیم میں ہارڈ ہٹر فخر زمان موجود ہیں جبکہ حسن نواز سے بھی کافی توقعات وابستہ ہوں گی، اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کرسکتے ہیں، پاکستان کو سیریز میں شاداب خان کی انجری کے باعث خدمات میسر نہیں ، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف بطور آل راؤنڈرز اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔ 

مزید پڑھیں: ڈھاکا: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی

پلیئنگ الیون میں شاداب اور حسن علی کی جگہ طلعت حسین اور سلمان مرزا کو مل سکتی ہے، اسکواڈ میں شامل 5 کھلاڑیوں کی مقامی کنڈیشنز سے اچھی واقفیت ہے کیونکہ وہ گذشتہ 2 سیزنز سے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں، خاص طور پر خوشدل نے میرپور میں پاکستانی پلیئرز میں سے  سب سے زیادہ 12 میچز میں حصہ لیا ہے، محمد حارث، فہیم، ابرار احمد اور عباس آفریدی بھی بی پی ایل میں شریک رہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نے حال ہی میں سری لنکا کو اس کے ملک میں ٹی 20 سیریز میں شکست دی، جس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہیں، پاکستان سے میچ میں بھی فاتح الیون کو میدان میں اتارنے کا امکان ہے، اوپنر محمد نائم نے کہا کہ اپنی کنڈیشنز میں ہمیں گرین شرٹس پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔

سیریز کے دوران بارش کی دخل اندازی کا امکان موجود ہے، شیربنگلہ اسٹیڈیم پر بی پی ایل میچز کے دوران نائٹ میچز کا اوسط اسکور 150 ہے،وہاں عام طور پر انٹرنیشنل ٹی 20 میچز کیلیے لو اور سلو پچز تیار کی جاتی ہیں، جس پر ایوریج اسکور 125 ہی رہتا ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف گذشتہ سیریز میں پاکستان کے صرف 2 بیٹرز صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث ہی ایک اننگز میں 40 سے زیادہ بالز کھیل پائے تھے، حارث پاکستان کے ٹی 20 سنچری اسکور کرنے والے پہلے نان اوپننگ بیٹر ہیں، انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ہی یہ کارنامہ انجام دیا۔ 

میزبان اسپنر مہدی حسن ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاور پلے کے دوران 15.90 کی اوسط سے 30 وکٹیں لے چکے ،یہ 2021 کے بعد کسی بھی اسپنر کی جانب سے سب سے زیادہ شکار ہیں۔ 

بنگلہ دیش نے اب تک پاکستان کے خلاف 3 ٹی 20 فتوحات میں سے 2 شیر بنگلہ اسٹیڈیم پر ہی حاصل کی ہیں، یہ تیسرا موقع ہے جبکہ ملک میں ماہ جولائی کے دوران ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جائے گی، اس سے قبل 2015 اور 2023 میں ایسا ہوچکا۔

ہفتے کے روز شیربنگلہ اسٹیڈیم میں سیریز ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، اس موقع پر پاکستانی قائد سلمان علی آغا اور بنگلہ دیشی ہم منصب لٹن داس نے ٹرافی کے ہمراہ پوز دیے۔ گرین شرٹس نے بدھ کو ڈھاکا پہنچنے کے بعد جمعرات کو آرام کیا تھا،پھر جمعے کے روز ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا تھا، گذشتہ دن بھی ٹیم نے آرام کو ترجیح دی۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات