اسلام آ باد:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے تھانہ بکا خیل پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے جس بہادری سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا وہ قابلِ فخر اور لائقِ تحسین ہے۔
حملہ آوروں کو منہ توڑ جواب دے کر پولیس نے نہ صرف تھانے کو بچایا بلکہ ایک بڑے سانحے کو بھی ٹال دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت ماضی میں بھی ملک دشمن عناصر کے حملوں کو پسپا کرتے آئے ہیں اور حالیہ کارروائی ایک اور روشن مثال ہے۔
انہوں نے پولیس ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ان سپاہیوں پر فخر ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ریاست کی رِٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔