جاپان میں پاکستان کے سفیر عبدالحمید سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے ٹوکیو میں ملاقات کی۔
ملاقات میں جاپان میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل، کمیونٹی کی خدمات اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان نے کمیونٹی کی مثبت خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی وطن کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو ناصرف پاکستان کے تشخص کو دنیا میں اجاگر کر رہے ہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی مضبوط کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ سفارت میں پاکستانی کمیونٹی اور سفارت خانے کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران کمیونٹی نے اپنے مسائل اور تجاویز سے سفیر کو آگاہ کیا، جن پر انہوں نے فوری اقدامات اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر جاپان میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی مسئلہ کشمیر کے لیے خدمات کا خصوصی ذکر بھی ہوا، جس پر سفیر عبدالحمید نے ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں شامل نمایاں شخصیات میں پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید، مسلم لیگ ن جاپان کے چیئرمین ملک یونس، کینیڈا اور جاپان سے معروف سماجی رہنما راجہ شاہد، ممتاز مذہبی شخصیت علامہ شکیل ثانی، معروف سماجی شخصیات پرنس فیصل، خالد محمود، ماہرِ تعلیم فیاض الدین، مذہبی رہنما ڈاکٹر عبدالرحمٰن صدیقی بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ مختلف شہروں سے آئے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، جس سے یہ ملاقات ایک اہم کمیونٹی اجلاس کی صورت اختیار کر گئی۔