امریکی شہر نیویارک میں ایک شخص کو گلے کی چین کی وجہ سے ایم آر آئی کروانا مہنگا پڑگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک 61 سالہ شخص علاج معالجے کے حوالے سے ایم آر آئی کروانے نیویارک کی ناسو کاؤنٹی کی ایک لیب میں پہنچا، اس شخص نے گلے میں ایک چین پہن رکھی تھی، دورانِ اسکین ایم آر آئی کی طاقتور مقناطیسی قوت نے اس شخص کو دبوچ لیا۔
ناسو کاؤنٹی پولیس نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ اس شخص کو اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام نے متاثرہ شخص کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بائیومیڈیکل امیجنگ اور بائیو انجینئرنگ کے ذرائع نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ ایم آر آئی مشین سے نکلنے والی قوت اتنی شدید ہوتی ہے کہ وہ ہر قسم کے لوہے، فولاد کو کھینچنے کی صلاحیت رکھتی ہے، یہاں تک کے اس کی حدود میں آنے والی ویل چیئر کو بھی کھینچ سکتی ہے۔