کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو شام پانچ بجے ڈھاکا کے میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔بارش کی پیش گوئی کی گئی جبکہ سیریز کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے پاکستانی ٹیم نے ہفتے کو پریکٹس نہیں کی اور آرام کو ترجیح دی۔ ٹرافی کی رونمائی ہوٹل میں ہوئی، توقع ہے کہ پاکستان کےکھلاڑیوں کی اکثریت وہی ہوگی جس نے چند ہفتے پہلے مئی میں بنگلہ دیش کو ہوم گراونڈ پر تین صفر سے شکست دی تھی۔حارث روف کی جگہ سلمان مرزا اور شاداب خان کی جگہ محمد نواز کی شمولیت کا امکان ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ا ب تک ہونے والے میچوں میں پاکستان نے19اور بنگلہ دیش نے تین جیتے ہیں۔بنگلہ دیش کی ٹیم امارات اور پاکستان سے شکست کے بعد گذشتہ ہفتے سری لنکا کو دو ایک سے شکست دی ہے۔بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف تین میچ جیتے ہیں ان میں دو کامیا بیاں ڈھاکا میں حاصل ہوئی ہیں۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان آغا ٹیم کو پہلے چھ اوورز میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور پاکستان کے بیٹرزتیز کھیلنے والے اس انداز کے لیے موزوں ہیں۔ صائم ایوب، محمد حارث اور سلمان خود اپنے جارحانہ انداز کے لیے جانے جاتے ہیں، جبکہ فخر زمان سے توقع کی جائے گی ۔ صاحبزادہ فرحان اور حسن نواز سے بھی اننگز کے دونوں سروں میں بڑی اننگز کی توقع کی جائے گی۔سری لنکا کے خلاف کھیلنے والے بنگلہ دیش اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔امکان ہے کہ میزبا ن ٹیم اسپنرز کے ساتھ پاکستان پر حملہ آور ہوگی۔ لٹن کمار داس ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کرینگے۔ پاکستان نے بنگلہ دیش میں بنگلہ دیش کے خلاف 7ٹی 20میچوں میں سے 5جیتے اور 2 ہارے ہیں۔ بنگلہ دیش نے 2015 اور 2016 میں اپنے ملک میں یہ 2میچ جیتے تھے۔ دوسری جانب پاکستان کےخلاف ٹی20 سیریز کے لیے آن لائن اور آف لائن ٹکٹنگ کے غیر واضح طریقہ کار کے باعث ٹکٹ خریدنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے تمام ٹکٹیں صرف آن لائن بیچنے کا اعلان کیا تھا، شائقین کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام مبہم رہا، خاص طور پر وہ جو فوری طور پر آن لائن کنفرمیشن چاہتے تھے۔