31 C
Lahore
Monday, July 21, 2025
ہومغزہ لہو لہولاہور چڑیا گھر میں سیاحوں کی دلچسپی دوبارہ بڑھنے لگی، آمدن میں...

لاہور چڑیا گھر میں سیاحوں کی دلچسپی دوبارہ بڑھنے لگی، آمدن میں ریکارڈ اضافہ



لاہور:

محکمے کی جانب سے لاہور چڑیا گھر کا انتظام خود سنبھالنے اور ٹکٹوں میں رعایت کے بعد چڑیا گھر میں تفریح کے لیے آنے والوں کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ چار روز میں مجموعی آمدن ایک کروڑ 35 لاکھ 69 ہزار  روپے تک جا پہنچی۔

لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر عاصم چیمہ نے بتایا کہ سیاحوں کی یہ بڑی تعداد اس بات کی غماز ہے کہ عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور چڑیا گھر ایک بہترین اور سستی تفریح گاہ کے طور پر دوبارہ مقبول ہو رہا ہے۔

واضع رہے کہ لاہور چڑیا گھر کا انٹری ٹکٹ، پارکنگ سمیت مختلف سہولتوں کا ٹھیکا نجی کمپنی کے پاس تھا تاہم 16 جولائی کو نجی کمپنی نے ٹھیکا چھوڑ دیا جس کے بعد انتظامیہ نے ٹکٹوں کا انتظام خود سنبھال لیا تھا۔

چڑیا گھر انتظامیہ نے ریپٹائلز ہاؤس سمیت دیگر سہولتوں کی ٹکٹوں میں 50 فیصد رعایت بھی دی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔

لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق 17 جولائی کو چڑیا گھر کی مجموعی آمدن 6 لاکھ 18 ہزار روپے رہی، جس میں ٹکٹ بکنگ، سانپ گھر اور پارکنگ کی مد شامل تھی۔

انتظامیہ نے بتایا کہ 18 جولائی کو آمدن 5 لاکھ 35 ہزار 880 روپے رہی اور 19 جولائی کو عوامی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا اور آمدن 9 لاکھ 84 ہزار 10 روپے تک جا پہنچی۔

اسی طرح 20 جولائی کو چڑیا گھر کی آمدن میں نیا ریکارڈ قائم ہوا، اور آمدن 17 لاکھ 31 ہزار 210 روپے تک جا پہنچی، چڑیا گھر میں ہالوورس، ورچوئل رئیلٹی، مکسڈ رئیلٹی اور فش ایکوریم کی سروسز بھی آئندہ چند روز میں دوبارہ فعال ہوجائیں گی، جس سے آمدن میں مزید اضافہ ہوگا۔

عاصم چیمہ نے بتایا کہ چڑیا گھر کی آمدن میں یہ اضافہ بہتر انتظامی اقدامات، شفافیت، آن لائن ٹکٹنگ، پارکنگ سہولیات اور عوام دوست ماحول کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چڑیا گھر آنے والے دنوں میں مزید بہتری کی طرف گامزن ہوگا اور شہریوں کے لیے تفریح اور آگاہی کا مرکز بنا رہے گا۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات