بھارت میں والدہ کو برا بھلا کہنے پر خاتون پولیس افسر کو اس کے بوائے فرینڈ نے قتل کردیا۔
بھارتی ریاست گجرات کے ضلع کچھ میں ایک خاتون پولیس آفیسر کو مبینہ طور پر اس کے ساتھی نے قتل کردیا، ملزم اور خاتون شادی کے بغیر ایک ساتھ رہتے تھے۔
ملزم بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا اہلکار ہے، جس نے اپنی ساتھی خاتون پولیس افسر کو جھگڑے کے دوران قتل کرنے کے بعد پولیس اسٹیشن جاکر گرفتاری دے دی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ پولیس افسر 25 سالہ ارونابین ارنجار پولیس اسٹیشن میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے طور پر تعینات تھی، جمعہ کو ارونابین اور اس کے پارٹنر کے درمیان جھگڑا ہوا، اس دوران خاتون افسر نے ملزم دلیپ کی والدہ سے متعلق مبینہ طور پر تضحیک آمیز کلمات کہے تھے، جس پر بحث اتنی بڑھ گئی کہ دلیپ نے غصے میں آکر اسے گلا دبا کر قتل کردیا۔
ملزم دلیپ 2021 سے ارونابین کے ساتھ انسٹاگرام کے ذریعے رابطے میں تھا اور دونوں ایک سال سے ساتھ رہ رہے تھے اور جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔