اجمیر: خواجہ غریب نواز درگاہ کے اردگرد شدید بارش کے باعث پیدا ہونے والی خوفناک صورتحال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
یہ واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا، جب موسلا دھار بارش نے درگاہ کے آس پاس کے تنگ راستوں کو ندی میں تبدیل کر دیا۔ پانی کے ریلے نے ٹھیلوں کو بہا دیا اور گلیاں زیرِ آب آگئیں۔
نظام گیٹ کے قریب ایک شخص پھسل کر خطرناک حد تک پانی کے ریلے کے قریب پہنچ گیا، لیکن موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر اس کی جان بچا لی۔ اس بہادری کے مناظر کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔
اجمیر میونسپل کارپوریشن نے شہر میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور پانی سے بھرے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ محکمہ صحت کے افسر پرتھوی راج سنگھ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خاص طور پر نشیبی علاقوں میں زیادہ احتیاط برتی جائے۔
بھاری بارشوں کے باعث پشکر میں بھی مکانات اور دکانوں میں پانی داخل ہو گیا جبکہ سیکر اور دیگر شہروں میں بھی سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں۔ جے این ہسپتال اجمیر کی عمارت بھی متاثر ہوئی ہے اور علاج معالجہ متاثر ہوا ہے۔
انتظامیہ نے صفائی، صحت اور انجینئرنگ محکموں کی ایمرجنسی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔