کراچی:
شہر قائد میں لانڈھی کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں عثمانیہ مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون زخمی جبکہ ایک ڈاکو شہری کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہو گیا۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق ڈاکو کی فائرنگ سے 40 سالہ خاتون انجمن زوجہ سردار خان زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے دوران ایک شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی، پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم ہلاک، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد
ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش بھی جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مزید شواہد جمع کر رہے ہیں۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ہلاک ڈاکو کی شناخت اور ممکنہ ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔