بھارتی فوج نے غیر قانونی اور جبراً حراست میں رکھے پاکستانیوں کو جعلی انکاؤنٹر میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنالیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 56 پاکستانی بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی غیر قانونی اور جبراً حراست میں ہیں، ان افراد کو مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں جعلی مقابلوں میں مارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف جیلوں میں رکھے گئے ان افراد کو مارنے کے بعد انہیں پاکستان کی طرف سے سرحد پار دہشت گرد قرار دیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارتی میڈیا کو ان افراد کی لاشیں اور پلانٹڈ ہتھیار وغیرہ کی ویڈیوز اور تصویریں شیئر کی جائیں گی جس کے بعد بھارتی میڈیا روایتی طریقے سے ان افراد کو پاکستان سے آنے والا دہشت گرد ظاہر کرے گا۔
ذرائع کے مطابق چند افراد سے میڈیا کے سامنے پاکستان مخالف بیانات اور اعترافِ جرم کے بیان بھی دلوائے جاسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر مختلف بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید پاکستانیوں کی تفصیلات پہلے ہی بتا چکے ہیں۔