سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کیلئے حد رفتار 30 کلو میٹر گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، امید ہے حادثات کم ہوجائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹریفک حادثے میں نومبر 2024 کے بعد تیزی آئی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کیلئے حد رفتار 30 کلو میٹر گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، امید ہے کہ ہیوی ٹریفک کی حد رفتار کم کرنے سے حادثات کم ہوجائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ موٹرسائیکل سوار کےلیے ہیلمنٹ کی پابندی سخت کردی گئی ہے، سندھ میں ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس میں بھی سختی کر رہے ہیں۔ شہر میں ڈرائیورز کے ڈوپ ٹیسٹ بھی شروع کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثے کے چند کیسز میں ڈرائیور فرار ہیں، زیادہ تر گرفتار ہوئے۔ کچھ لوگ شہر میں ٹریفک حادثات پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے گاڑیاں جلانے کی کال دی وہ شہر سے مخلص نہیں۔